لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021 تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے
وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی ، پی ایم آفس
اسلا م آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے انٹر سروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی)کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی، یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے چارج سنبھالنے سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان آج حتمی مشاورت ہوئی،خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم ہاوس میں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدگی میں ملاقات کی تھی۔بعد میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شامل ہوگئے۔۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم آفس کو وزارت دفاع سے مختلف افسران کی فہرست موصول ہوئی، وزیراعظم نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے۔ جس کے بعد لیفٹیینٹ جنرل ندیم احمد انجم کے نام کی منظوری دی گئی،وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری ہوا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہو گا۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021 تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔6 اکتوبر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی)کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کیا گیا تھا۔لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔انہوں نے کمبائنڈ آرمرز سینٹر برطانیہ سے گریجویشن کی، لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، نئے ڈی جی آئی ایس آئی روایتی خطرات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم آپریشن ضرب عضب کے دوران اس وقت کے قبائلی علاقے علاقے کرم ایجنسی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں، وہ ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی بننے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے، ان کے کھیلوں میں پسندیدہ باسکٹ بال اور کرکٹ ہے، وہ پی ایم اے، سٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کراچی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں۔