دنیا بھر میں کشمیری آج  27اکتوبرکو یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے
مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور لال چوک سرینگر کی طرف مارچ کیا جائے گا
دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی،مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں

سرینگر(ویب نیوز  )کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج  27اکتوبر کومقبوضہ جموں وکشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے،اس روز مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور لال چوک سرینگر کی طرف مارچ کیا جائے گاجبکہ دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ،بھارت نے 27اکتوبر1947ء کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموںوکشمیرمیں اپنی فوجیںاتارکر اس پر ناجائز قبضہ کیاتھا۔ بدھ کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور لال چوک سرینگر کی طرف مارچ کیا جائے گاجبکہ دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے ۔رواں سال یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019سے مسلط کردہ فوجی محاصرے کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش شدید مشکلات کی طرف مبذول کرانا بھی ہے ۔ حریت رہنماوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔انہوںنے کشمیریوں سے 27اکتوبر کو دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا جو اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جماعتوں نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز روزانہ کی بنیاد پرنہتے کشمیریوں کو قتل اوراملاک کو تباہ کر رہی ہیں اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔  انہوںنے کہا ہے کہ 27اکتوبر1947کا دن کشمیریوں کے لیے مصائب لے کر آیا ہے کیونکہ بھارت تب سے پورے خطے میں اپنے غیر اخلاقی ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔  دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں منگل کو ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے 27اکتوبر کواپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔  جموں وکشمیر تحریک آزادی، کشمیر لبریشن الائنس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام نے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کردیا ہے اور بھارت کو مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشیُ بند کرکے وہاں سے اپنی فوجیں واپس بلا لینی چاہئیں۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کے لیے کہ وہ اپنے وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کو مسترد کرتے ہیں بدھ کو یوم سیاہ منائیں گے ۔