فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند ،شہریوں کو شدید مشکلات
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
لاہور سے اسلام آباد جانے والے کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین نے گوجرانوالہ میں پڑا ئوڈال رکھا ،اہم شاہراہیں بند رہیںجبکہ کالعدم تنظیم کے باعث راولپنڈی میں غیر یقینی صورت حال رہی۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے احتجاج کے باعث گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں تیسرے روز بھی بند رہیں، راستے بند ہونے سے شہریوں کو جہاں سفری مشکلات کا سامنا رہا وہیں سبزی منڈی میں گاڑیاں نہ پہنچنے سے اشیا خورو نوش، سبزیاں اور ہرے مصالحہ جات کی بھی قلت پیدا ہو گئی ۔شہریوں نے کہا کہ جو اشیا مل رہی ہیں ،ان کی قیمتیں کئی گنابڑھ گئیں،احتجاج کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت اور انٹر نیٹ سروس معطل رہی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہ ہونے سے بیشتر پیٹرول اسٹیشن بھی خالی ہو چکے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ اگر راستے اسی طرح بند رہے تو یہ مشکلات بڑے بحران میں تبدیل ہو جائیں گی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں مری روڈ کے ارد گرد کے کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے اور فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ۔چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل ہے اور فیض آباد سے سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات رہیں۔