سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت14 دہشتگرد گرفتار

گرفتار دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سی ٹی ڈی حکام

لاہور(ویب  نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 14 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔حکام سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 14دہشت گردوں کو گرفتا کیا گیا، کارروائیاں لاہور، خوشاب، فیصل آباد، گوجرانوالا، بہاولپور کے علاوہ ٹی ٹی سنگھ، گجرات اور ساہیوال میں کی گئی۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سے کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈرگرفتار کیا گیا جس سے بارودی مواد، 3 ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، 15حفاظتی فیوز، پرائما کارڈ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔