پشاور میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور سنسنی خیز خبروں کو پھیلا کر پولیس کا مورال متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے

پولیس افسران واہلکار سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور غیر سرکاری واٹس ایپ گروپس سے علیحدگی اختیار کریں

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جائیگی ، خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی،ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاخط

پشاور( ویب  نیوز)

پشاور میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے تمام پولیس افسران کو سوشل میڈیا پالیسی سے متعلق خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ پولیس افسران اور اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں اس کے علاوہ مختلف غیر سرکاری واٹس ایپ گروپس کا بھی حصہ ہیں۔ خط میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور سنسنی خیز خبروں کو پھیلا کر پولیس کا مورال متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور غیر سرکاری واٹس ایپ گروپس سے علیحدگی اختیار کریں۔ خط میں پولیس کے آئی ٹی سٹاف کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی نگرانی کی ذمہ داری تفویض کر دی گئی ۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کوئی مواد شیئر نہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صرف پولیس ترجمان میڈیا کی مدد کرنے کا مجاز ہو گا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی ،احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔