کراچی ،سکیورٹی فورسز کی کارروائی ،ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 17دہشتگرد گرفتار

 گرفتاردہشتگرد 2007 تا 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے.

 کراچی ( ویب  نیوز)

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے دہشتگردوں کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے کمانڈرز سمیت 17 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔  گرفتار دہشتگرد 2007 تا 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔  دہشتگرد کراچی میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، جنہیں انٹیلی جنس ایجنسیز نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے گرفتار کر لیا۔دہشتگردوں کو افغانستان سے تحریک طالبان پاکستان کی قیادت کی سرپرستی میں منظم کیا گیا تھا، دہشتگرد سوات اور مالاکنڈ میں سکیورٹی فورسز اور این جی اوز پر حملوں میں ملوث تھے، اس کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ نیٹ ورک بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکھٹا کرتا تھا، اس نیٹ ورک نے مدرسے میں خودکش بمباروں کو بھی پناہ دی تھی، جنہیں دہشتگردی کی مختلف سرگرمیوں میں استعمال ہونا تھا۔