حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 7 ہزار 460ارب روپے ادا کر چکی ہے ، تحریری جواب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزارت خزانہ نے اندرونی وبیرونی قرضوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں، موجودہ حکومت کے تین سال کے دوران پاکستان کے کل قرضوں میں 16 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا اور حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 7 ہزار 460ارب روپے ادا کر چکی۔چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وقفہ سوالات کے دوران گزشتہ 3 سال میں سود کی ادائیگیوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 7 ہزار 460ارب روپے ادا کر چکی، تین سال میں سرکاری قرضوں میں 14 ہزار 906 ارب کا اضافہ ہوا اور سود کی مد میں 50 فیصد ادائیگی کی گئی۔وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں کہا کہ سرکاری قرضوں میں واضح کمی آ رہی ہے، سال 2020-21 میں ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح 4 فیصد کم ہوئی اور رواں مالی سال اس شرح میں 2 سے 3 فیصد کمی کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ نے اندرونی وبیرونی قرضوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کے کل قرضوں میں 16 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔ جون 2018 میں ملک پر کل قرض 25 ہزار ارب روپے تھا، جو اگست 2021 تک بڑھ کر 41 ہزار ارب تک پہنچ گیا، تین سال میں پاکستان کے اندرونی قرض میں 10 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔جون 2018 میں ملک کے اندرونی قرض 16 ہزار ارب تھے، جو اگست 2021 تک 26 ہزار ارب سے بڑھ گئے۔ جون 2018 میں بیرونی قرض ساڑھے 8 ہزار ارب تھا، جو اگست 2021 تک ساڑھے 14 ہزار ارب سے تجاوز کرگیا۔ اس طرح تین سال کے دوران ملک کے بیرونی قرض میں ساڑھے 6 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔وزیر مملکت علی محمد خان نے اظہار خیال کیا کہ بدقسمتی سے ہم سودی نظام سے باہر نہیں نکلے، ہماری کوشش ہے کہ سود سے نکلیں، کوشش کررہے ہیں کہ اپنی معیشت مضبوط کریں تاکہ سود سے چھٹکارا ملے، بدقسمتی سے ہمیں مجبورا ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔