بزنس کمیونٹی کو نظر انداز کرنے سے ملکی معیشت کبھی ترقی نہیں کرسکتی’قربان علی
ایف پی سی سی آئی پاکستان کے امپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے
روپے کی قدر میں گراوٹ ‘ پٹرولیم و بجلی قیمتوں میں اضافہ کا براہ راست اثر صنعت و تجارت پر پڑتا ہے
چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی کی گلگت کی معروف کاروباری شخصیات حاجی محمد حسن اور حاجی فدا محمد سے گفتگو
اسلام آباد( ویب نیوز ) قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں گراوٹ ‘ پٹرولیم و بجلی قیمتوں میں اضافہ کا براہ راست اثر صنعت و تجارت پر پڑتا ہے اور مہنگائی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے تاکہ عوام ، تاجروں و صنعتکاروں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔ امپورٹ کے حوالے سے تمام تیکنیکی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ حکومت تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بزنس کمیونٹی کو خصوصی ریلیف فراہم کرے ۔ بزنس کمیونٹی کو نظر انداز کرنے سے ملکی معیشت کبھی ترقی نہیں کرسکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے گلگت بلتستان کے معروف کاروباری شخصیات و امپورٹرز حاجی محمدحسن اور حاجی فدا حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حاجی محمد حسن اور حاجی فدا حسین نے امپورٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ہمارے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی قیادت صدر میاں ناصر حیات مگو، سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم اور چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد قربان علی کی بزنس کمیونٹی کی خدمت اور ان کے حقوق کی جنگ لڑنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قربان علی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی قیادت پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ اور ان کو ہر ممکن سہولیات سمیت کاروبار میں آسانی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ پاکستان کے امپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے جلد وفاقی وزیر خزانہ ، مشیر تجارت سمیت متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کو ریلیف کی فراہمی کیساتھ ساتھ انہیں مستفید کرے تاکہ بزنس کمیونٹی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرکے نہ صرف ملک کیلئے زرمبادلہ کما سکیں بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کیا جائے گئے۔آئندہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قربان علی نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے ابھی سے کام شروع کردیا ہے جس میں تمام شعبوں سے وابستہ کاروباری تنظیموں کی مشاورت کرنے کے بعد ایف پی سی سی آئی کی جانب سے ایک جامع اور ٹھوس تجاویز حکومت کو بروقت ارسال کی جائیں گی تاکہ ان تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جاسکے ۔ قربان علی نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی بزنس کمیونٹی کا ادارہ ہے ۔ دنیا بھر میں موجود پاکستانی تاجروں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھرپور کردار ادا کرتا آ رہا ہے ۔