اسلام آباد (ویب ڈیسک)
رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں تین صوبوں کا بجٹ سرپلس جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا کا بجٹ خسارے میں رہا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق جولائی تا ستمبر سوائے خیبر پختونخوا کے تمام صوبوں کی آمدنی کے مقابلہ میں اخراجات کم رہے اور صوبوں نے280ارب11کروڑ روپے کا سرپلس بجٹ دیا۔ جبکہ اسی عرصہ میں خیبر پختونخوا کا بجٹ تین ارب18کروڑ خسارے میں رہا۔ اگر گزشتہ برس کا جائزہ لیا جائے تو اسی عرصہ میں صوبوں نے57ارب77کروڑ روپے کا سرپلس بجٹ دیا تھا جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے بجٹ خسارے میں رہے تھے۔ رواں مالی سال جولائی تاستمبر پنجاب نے سب سے زیادہ 183ارب23کروڑ 80لاکھ روپے، سندھ 60ارب25کروڑ60لاکھ روپے اوربلوچستان نے36ارب 61کروڑ30لاکھ روپے کا سرپلس بجٹ دیا۔ صوبوں کے سرپلس بجٹ کے باعث وفاقی حکومت کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.8یا438ارب49کروڑ روپے تک محدودکرنے میں مدد ملی۔ جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تاستمبر بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.1فیصد تھا۔ دستاویز کے مطابق راواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں پنجاب کی مجموعی آمدنی 488ارب80کروڑ50لاکھ اور اخراجات305ارب56کروڑ80لاکھ روپے رہے، اسی طرح صوبہ سندھ کی کل آمدنی 280ارب37کروڑ90لاکھ روپے اور اخراجات220ارب12کروڑ30لاکھ روپے رہے۔