اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر کی ملاقات
بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی
حکومت آئی سی سی آئی کے تعاون سے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لائے۔ صدر شکیل منیر
اسلام آباد (ویب نیوز )
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیمبر کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لہذا حکومت کی طرف سے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکار برادری ملک کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان، وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر ہمسایہ ممالک کے مابین تجارت کا فروع خطے کی خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا بزنس کمیونٹی اس سلسلے میں کوششیں تیز کرے۔
اسد قیصر نے چیمبر کے وفد کو بتایا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان۔افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی دونوں ممالک کے مابین تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت میں اضافے کے لیے ان ممالک کے متعلقہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ساتھ رابطوں میں اضافہ ضروری ہے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور افعانستان کی باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کی ایک مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دبانی کرائی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد شکیل منیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بزنس کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قائم ہونے سے خطے میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی، روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے اور حکومت کا ٹیکس ریونیو بہتر ہو گا لہذا حکومت چیمبر کے تعاون سے اس اہم منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو بھی سراہا اور پاک افغان تجارت میں اضافے کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔