• کنسٹریکشن انڈسٹری کی ایمنسٹی سکیم میں کم از کم دو سال کی توسیع دی جائے۔ احسن بختاوری
    آئی سی سی آئی کے وفد کی چیئرمین ایف بی آر سے ان کے دفتر میں ملاقات

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ٹیکس معاملات پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کے چیئرمین عاصم احمد نے کہا کہ کاروباری برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کے ٹیکس مسائل کا ازالہ کرنے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کا عمل شروع ہو چکا ہے لہذا انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنی تحریری بجٹ تجاویز تیار کر کے ایف بی آر کو ارسال کرے تا کہ ان کو کو حتمی بجٹ میں شامل کرنے پر غور کیا جائے۔ انہوں نے خطے کے ٹاپ ٹیکس دہندگان کی خدمات کو تسلیم کرنے کیلئے ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کے آئی سی سی آئی کے منصوبے کو سراہا اور کہا کہ اس سے ٹیکس کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان اور محکمہ ٹیکس کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے جومعیشت کیلئے بہتر نہیں ہے لہذا انہوں نے معیشت کے ان دونوں دو اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اعتمادکا رشتہ پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو بڑھانے اور ملک کے ٹیکس ریونیو کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ ٹیکس اور ٹیکس گزاروں کے درمیان ایک بااعتماد ماحول کا قیام بہت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین ایف بی آر کو تاجر برادری کے مختلف ٹیکس مسائل سے آگاہ کیا اور ان کا ازالہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کے تحت تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ 30 ستمبر 2023 کو ختم ہو رہی ہے اور مطالبہ کیا کہ ایف بی آر اس سکیم کو کم از کم مزید دو سال کی توسیع دے تا کہ جاری منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو ایف بی آر کی ٹیکس کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے جو ٹیکس دہندگان اور ایف بی آر کے درمیان بہتر اعتماد پیدا کرنے ، ٹیکس مسائل کو مشترکہ طور پر حل کرنے اور ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر معیشت کے ہر شعبے سے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کو ایوارڈز دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ ٹیکس ادائیگی میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں وزیراعظم پاکستان کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے والے افسران کو بھی ان کی محنت اور لگن کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا جا ئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی سفارشات پر ملک کے 10 بڑے ٹیکس دہندگان کو 23 مارچ کو صدر مملکت کی طرف سے سول ایوارڈز سے نوازا جائے جس سے ملک میں ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی مشاورت سے پی او ایس کے معاملے پر پیش رفت کی جائے۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں اور ایل سی کھولنے کے مسائل کی وجہ سے صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنعتوں کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے ان مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے۔

چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ کنسٹریکشن شعبے پر زائد ٹیکسوں کے نفاذ سے اس شعبے کی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ ایف بی آر ان ٹیکسوں پر نظرثانی کرے۔

چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری اور خالد جاوید نے بھی ٹیکس کی بنیاد کو بہتر بنانے اور ملک کے ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔