اسلام آباد (ویب نیوز)

صارفین کو کمپیٹیشن مخالف سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اور سٹیک ہولڈرز کی کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10سے آگاہی کے لئے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور ان سے بچائو سے متعلق جامع گائیڈ لائنز مرتب کر لی ہیں۔

سی سی پی نے یہ گائیڈ لائنز کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن28اور29 کے تحت جاری کی ہیں جن کا مقصد کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 سے متعلق مکمل آگاہی ہے۔ سی سی پی نے سال 2008سے اب تک جھوٹے اور گمراہ کن اشتہارت اور دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر کے معاملات  پر جو فیصلے جاری کئے ہیں ان گائیڈ لائنز میں ان معاملات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یعنی کمیشن کے سالوں کے فیصلوں کے نچوڑ او ر معلومات کو  سٹیک ہولڈرز کیلئے مثالوں کے زریعے عام فہم زبان میں واضح کیا گیا ہے۔

ان گائیڈ لائنز میں جن اہم موضوعات پر معلومات فراہم کی گئی ہیں ان میں عام تاثر کا اصول، مواد سے متعلقہ معلومات،جھوٹی اور گمراہ کن معلومات اور مخفی/ظاہر شدہ دعوہ جات جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کو مارکیٹ میں مختلف طرح کی دھوکہ دھی پر مبنی تشہیرکے رویوں سے بچائواو رخود ملوث نہ ہونے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیاہے۔ ان گائیڈ لائنز میں کمیشن کے پاس شکایت درج کرانے کے طریقہ کار،کمپیٹیشن قانون کے تحت اس کی تلافی اور کمیشن کے پاس موجود انفورسمنٹ پاورز کے متعلق بھی بتایا گیا ہے۔یہ گائیڈ لائنز سی سی پی کی  ویب سائیٹ پر جاری کر دی گئی ہیں ۔ (www.cc.gov.pk)

سٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ جہاں کسی معاملے میں قانونی مشورے کی ضرورت محسوس کریں وہاں کمپیٹیشن ایکٹ کے ساتھ ان گائیڈ لائنز کا بھی مطالعہ کریں۔اس بات کا اظہار ضروری ہے کہ ان گائیڈ لائنز میں موجود معلومات کمیشن کی انفورسمنٹ اور تحقیقات کی پاورز کو محدود نہیں کرتیں اور کمیشن کو یہ استحقاق حاصل ہے کہ وہ ا ن گائیڈ لائنز کو کسی بھی وقت تبدیل کرسکتا ہے۔

سال 2008 میں سی سی پی میں آفس آف فیئر ٹریڈ کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ کاروباری ادارے کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی پاسداری کریںاور کمپلائینس کے رویوں سے تجارتی پریکٹیشز کو بہتر کریں ورنہ کمپیٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر ایکشن لیا جائے گا۔اس ڈیپارٹمنٹ کا بنیادی مقصد پاکستان میں کاروبار کا ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس میں صحت مندانہ کمپیٹیشن اور صارفین کا دھوکہ دھی پر مبنی رویوں سے بچائو او ر معلومات کی آگاہی ہے۔

سی سی پی کو کمپیٹیشن ایکٹ کے تحت یہ استحقاق حاصل ہے کہ وہ تمام تجارتی او رمعاشی سرگرمیوں میں کمپیٹیشن کو یقینی بنائے اور صارفین کو کمپیٹیشن مخالف رویوں سے بچائو کے لئے اقدامات کرے۔