ماورائے عدالت 9  کشمیریوں کے قتل کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کے روزمکمل ہڑتال ہوگی ۔
نماز جمعہ کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا  کی جائے گی قتل کے خلاف پرامن مظاہرے  کیے جائیں گئے
مسرت عالم بٹ اور میر واعظ عمر فاروق کی  ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل کی مزمت، ہڑتال کی اپیل

سری نگر( ویب نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت 9 شہریوں کے قتل کے خلاف  جمعہ کے روزمکمل ہڑتال ہوگی ۔ ہڑتال کی اپیل  کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔ حریت کانفرنس  کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ اور میر واعظ عمر فاروق نے  ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل کی مزمت کرتے ہوئے کشمیریوں سے کہا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا  کی جائے  اور شہریوں کے وحشیانہ قتل کے خلاف پرامن مظاہرے  کیے جائیں ۔ کے پی آئی کے مطابق  مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیے جانے والے چار شہریوں کی کل نماز جمعہ کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کریں اور شہریوںکے وحشیانہ قتل کے خلاف پرامن مظاہرے کریں ۔ انہوںنے لوگوں یہ اپیل بھی کی کہ وہ سرینگر میں شہید الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کے گھروں جبکہ ضلع رام بن کے علاقے بانیہال میں شہید عامر احمد کے گھر کی طرف مارچ کریں۔انہوںنے شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوںنے سرینگر میں چار بے گناہ شہریوں کو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا ۔دریں اثناحریت کانفرنس  ( میرواعظ )نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں روزانہ جعلی مقابلوں، گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، تشدد اور تذلیل کا شکار ہیں۔ بیان میں کہا حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے بیگناہ شہریوں کے اہلخانہ پر جو سانحہ گزار ہے وہ انتہائی اذیت ناک ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی پولیس نے شہید الطاف احمد کے بڑے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد کو محض اس وجہ سے وحشیانہ طریقے سے گھسیٹ کر مارا پیٹا کہ وہ اپنے پیارے کی میت کی واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے