اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ امیگریشن معاہدے پر مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے، مذاکرات کے لیے برطانوی وزارت داخلہ کے مستقل سیکریٹری میتھیو رئیکرافٹ نے پاکستان کا دو روزہ دورہ بھی کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اس دورے کے دوران غیر قانونی امیگرنٹس سے نمٹنے کے لیے معاہدہ مکمل کرلیا گیا۔ برطانوی سیکریٹری داخلہ اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے معاہدے کو عملی جامہ پہنایا۔ معاہدے کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس معاہدے کو آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا ساتھ ہی معاہدے پر عمل درآمد رواں ماہ سے ہی شروع کیا جائے گا۔ کابینہ منظوری کے بعد پاکستان اور برطانیہ مشترکہ مجرمانہ ریکارڈ بنائیں گے۔ دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
برطانیہ میں تعلیم مکمل کرنے والے پاکستانی طلبا کو نوکریوں کے حصول میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ امیگریشن کے معاملے پر برطانیہ مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔