بھارتی وزیر دفاع کا اشتعال انگیز بیان ہمسایوں سے دشمنی کاعکاس ہے،پاکستان

 کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد( ویب نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا اشتعال انگیز بیان ہمسایوں سے دشمنی کاعکاس ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان مخالف مہم مکمل طورپر بے نقاب ہوچکی ہے کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت کی پاکستان مخالف مہم عالمی برادری میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکی۔ پاکستان سمیت ہمسایہ ملکوں کے خلاف الزام تراشی بھارت کا وطیرہ ہے۔بھارتی گیدڑ بھبھکیاں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ترجمان نے کہا کہ فروری 2019 میں بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے میں پوری دنیا پاکستان کی صلاحیت اور عزم کی گواہ تھی، یہ ایک مستند حقیقت ہے کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ میں خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ان جرائم میں ماورائے عدالت قتل، حراست میں ہلاکتیں، تشدد، معصوم بچوں سمیت لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کرنا اور گھروں کو مسمار کرکے سزا دینا شامل ہیں، عالمی برادری کے سامنے ڈوزیئر میں کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والی پرامن آوازوں کو خاموش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی مختلف قراردادوں میں کیا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا، پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے تمام کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے ایک بار پھر بڑھک مارتے ہوئے پاکستان پر نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی دی تھی۔