گھی اورآئل قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس ، انکوائری روکنے کا حکم معطل
مسابقتی کمیشن اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ملوں کے خلاف انکوائری کرے،عدالت
لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گھی ملوں کیخلاف انکوائریاں رک گئیں،وکیل مسابقتی کمیشن
آپ نے نوٹس بھیجا اور اس میں بتایا نہیں کہ ملوں کو کیوں طلب کر رہے ہیں،جسٹس منصورعلی شاہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
سپریم کورٹ آف پاکستان نے گھی اورآئل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس میں لاہورہائیکورٹ کے انکوائری روکنے کے حکم کومعطل کردیا۔
پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، مسابقتی کمیشن کے وکیل نے دلائل دیئے کہ وزیر اعظم پورٹل پر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی شکایت آئی۔مسابقتی کمیشن نے شکایت پر 117 ملوں کے خلاف انکوائری شروع کی، 117 گھی ملوں کو معلومات کیلئے خط لکھے،گھی ملوں کے جوابی خطوط پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کی تحقیقات شروع کی۔جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ گھی ملوں کو معلوماتی خطوط لکھنے سے پہلے اتھارٹی نے حکم پاس کیا،جوائنٹ ڈائریکٹر کو تحقیقات کا آغاز کرنے کا اختیار کس نے دیا؟۔مسابقتی کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گھی ملوں کیخلاف انکوائریاں رک گئیں۔جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ آپ نے نوٹس بھیجا اور اس میں بتایا نہیں کہ ملوں کو کیوں طلب کر رہے ہیں، اگر انکوائری کے آغاز میں ڈھانچہ برقرار نہ رہے تو انکوائری کیسے برقرار رہے گی،کمیشن نے قیمتوں میں اضافہ کی انکوائری کرنی ہے تو پہلے ملوں کو اس کی وجوہات بتائے۔جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر رہے ہیںمسابقتی کمیشن انکوائری کرے۔عدالت نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم میں چند خامیاں ہیں جن پر وضاحت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔