فیصل آباد (ویب ڈیسک)
ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہاہے کہ پاکستان کی پہلی ایس ایم ای پالیسی کا اعلان وزیر اعظم عمران خان دسمبر کے پہلے ہفتہ میں کریں گے جس سے اس شعبہ کی براہ راست ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ نئی ایس ایم ای پالیسی کی تیاری کے سلسلہ میں اسلام آباد میں دو اجلاسوں میں شرکت کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے اس پالیسی کے سلسلہ میں تجویز دی ہے کہ کمرشل بینکوں کو پابند کیا جائے کہ وہ بڑے اداروں کو 60سے 70فیصد سے زائد قرض نہیں دیں گے اور باقی سرمایہ صرف اور صرف ایس ایم ای سیکٹر کو ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس وقت ایس ایم ای یونٹ صرف 10ملین روپے تک کا کولیٹرل فری قرض لے سکتا ہے جبکہ انہوں نے اس لمٹ کو بڑھا کے 20ملین کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ دوسرے سیکٹرز کی طرف ایس ایم ای سیکٹر کے زیادہ نخرے بھی نہیں جبکہ یہ واحد شعبہ ہے جو سب سے زیادہ ملازمت کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ کرونا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کے خیال میں ہر وقت اور ہر شعبہ میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ کرونا کی وجہ سے جہاں عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے وہاں ای کامرس اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز استعمال کرنے والوں نے زبردست ترقی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ 50سال قبل جو ٹیکنالوجیز عالمی سطح پر متعارف ہوئی تھیں ہم نے ابھی تک انہیں استعمال ہی نہیں کیا ۔گزشتہ ماہ کے دوران ہی ای کامرس کی بانی کمپنی مائیکرو سافٹ تیسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ ایمیزون پہلے نمبر پر آگئی۔