اسلام آباد( ویب نیوز)
وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی کمپنیوں کا پاکستان میں منصوبے شروع کرنا خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا نوجوان بین الاقوامی آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیز سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان سے ویون گروپ کے سی ای او کان ترزیو اوغلون کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مشیر خزانہ شوکت ترین، چیئرمین پی ٹی اے ،جاز کیسی ای او موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان بین الاقوامی آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیز سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کا ٹیلنٹ بے مثال ہے، بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں منصوبے شروع کرنا خوش آئند ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی منتقلی اور نوجوانوں کی تربیت پرزور دیا، سی ای او ویون نے ڈیٹا کے بڑے حل فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آن لائن کمپنی دراز گروپ کے سی ای او بجارک میکلسن کی ملاقات ہوئی تھی ، وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان ای کامرس کیلئے بہت وسیع مارکیٹ رکھتا ہے، ای کامرس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔