اسلام آباد میں پاکستان چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کا چوتھا دور مکمل، سی پیک منصوبے اور ترقی کے عزم کا اعادہ

 پاکستان اور چین معاشی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطے خاص طور پر افغانستان میں استحکام کے لئے مل کر کوشش کریں گے.

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چین کے وزیر خارجہ چن گانگ کے زیر صدارت پاکستان چین سٹریٹجک ڈائیلاگ  ہوئے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

پاکستان اور چین نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کی اعلی معیار کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ اتفاق رائے ہفتے کو

اسلام آباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چین کے وزیر خارجہ چن گانگ کے زیر صدارت پاکستان چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور میں ہوا۔۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور عوامی جمہوریہ چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ کین گانگ کے درمیان مذاکرات میں دونوں طرف کے  وزرت خارجہ کے حکام نے بھی شرکت کی ۔چینی وزیر خارجہ چن گانگ دفتر خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے چینی ہم منصب چن گانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین معاشی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطے خاص طور پر افغانستان میں استحکام کے لئے مل کر کوشش کریں گے، چین پاکستان کو اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینے اور انہیں ایک نئے عہد میں لے جانے کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔دفترخارجہ میں چین کے ساتھ وفود کی سطح پر جاری مذاکرات میں، چینی وفد کی قیادت وزیر خارجہ QIN GANG نے کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ملک میں سیاسی اختلاف سے قطع نظر پاک چین تزویراتی شراکت داری پر مکمل اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا چین ہمیشہ سے ہمارا قابل ِ اعتماد شراکت دار اور بھروسہ مند دوست ہے۔انہوں نے کہا اس دوستی کا حالیہ اظہار سوڈان میں مقیم پاکستانیوں کے انخلا میں چین کی فوری مدد اور تعاون سے کیا گیا۔وزیر خارجہ نے چین سے دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور قومی ترقی کیلئے چین کی مستقل حمایت کے علاوہ جموں و کشمیر کے تنازعے پر چین کے اصولی اور منصفانہ موقف کی تعریف کی۔انہوں نے کہا پاکستان ایک چین کی پالیسی سمیت تمام اہم مسائل پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کیلئے تزویراتی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان اس منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔