جی ٹونٹی اجلاس کے موقع پرمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجی مظالم میں تشویشناک حدتک اضافہ، مزید دو کشمیری نوجوان شہید
چار دنوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد چھ ہوگئی
راجوری میں بڑا فوجی آپریشن جاری ،سرینگر میں سیکورٹی مزید سخت،شہرفوجی چھاونی میں تبدیل

سرینگر (ویب نیوز  )

مقبوضہ جموںوکشمیر میںقابض بھارتی فوج نے جی ٹونٹی اجلاس کے موقع پر کشمیریوں کے خلاف اپنی ریاستی دہشت گردی میں تشویشناک حد تک اضافہ کردیا ہے ،قابض فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ہفتہ کوبارہمولہ اور راجوری اضلاع میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا۔راجوری ادر دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن جار ی ہے ، سرینگر میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے ،اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی سے شہر فوجی چھاونی کا منظرپیش کرنے لگا ،کے پی آئی کے مطابق قابض فوجیوں نے ہفتہ کوبارہمولہ کے علاقے کنزر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کیا۔ فوجیوں نے راجوری کے علاقے کیساری میں جاری فوجی آپریشن میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔ اس سے

قبل گزشتہ روز کیساری میں ایک دھماکے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ آخری اطلاعات تک ان علاقوں میں بھارتی فوج آپریشن جاری تھا۔ان تازہ شہادتوںکے نتیجے میں گزشتہ چار دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے بدھ کو ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں دو جبکہ جمعرات کو ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری میں دو نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔دریں اثنا، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی پرتشدد فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی فوجیوں ،پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے ان اضلاع میں یہ آپریشن 20اپریل کی شام اس وقت شروع کیا تھا جب پونچھ کے علاقے مینڈھرمیں بھارتی فوج کی ایک گاڑی پر حملے میں پانچ اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں، ڈرون کیمروں اور سراغرساں کتوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں سرینگر میں جی ٹونٹی اجلاس کی آڑ میں مزید بھارتی سیکورٹی دستے تعینات کردئیے گئے ہیں ،جگہ جگہ فوجی اہلکا ر نظر آرہے ہیں اور کئی علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے جس سے شہر سرینگر خاص کر لال چوک فوجی چھاونی کا منظر پیش کرنے لگا، سرینگر اور وادی کے دیگر کئی علاقوں کو بھارتی فوج نے محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کررکھا ہے اس دوران کئی افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ میں دو اور بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری و پولیس اہلکاروں نے بشیر احمد اور گلزار احمد نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کاجواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیا۔قبل ازیں بھارتی فوجیوں نے آج ضلع پلوامہ ہی کے علاقے ترال میں گھر پر چھاپے کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار تھا۔