عدالت نے قانونی مسودے کی تیاری میں پنجاب حکومت، صوبائی وزیربیت المال سمیت دیگر کی تعریف کی
معذوروں کے حوالے سے قانونی ایکٹ پہلی بار بننے جا رہے ہیں جوان کے حقوق کو تحفظ فراہم کرینگے، تحریری فیصلہ
لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور ہائیکورٹ نے معذوروں کو سہولیات دینے سے متعلق دائر درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے 4 صفحات پر مشتمل گذشتہ سماعت کا تحریری حکم درخواست گزار ثنا خورشید کی درخواست پر جاری کیا۔ عدالت نے معذوروں کا قانونی مسودہ کابینہ اور اسمبلی سے پاس ہونے کے بعد عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے قانونی مسودے کی تیاری میں پنجاب حکومت، صوبائی وزیربیت المال سمیت دیگر کی تعریف کی۔ عدالت نے تمام افراد کی مسودے کی تیاری میں محنت کو سراہا۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں امریکی معذور سینٹر کا حوالہ بھی دیا۔لاہورہائی کورٹ کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کا معذوروں کے حوالے سے دیئے گئے فیصلے کا بھی ذکرکیا گیا۔فیصلے میں بتایا گیا کہ معذوروں کے حوالے سے قانونی ایکٹ پہلی بار بننے جا رہے ہیں جس کے باعث تمام سٹیک ہولڈرز سمیت دیگرایکسپورٹرز کی رائے کو شامل کیا گیا اور یہ بل معذوروں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرے گا۔درخواست گزارنے موقف اختیار کیا تھا کہ ہمارے معاشرے میں معذوروں کے حوالے سے کوئی قوانین موجود نہیں ہیں اور معذوروں کو نظر اندازکیا جاتا ہے جو قانونی طور پرغلط ہے۔