مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں،عمران خان
نوجوانوں سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائوں گا، مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرینگے
اسلام آباد( ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں، مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔سابق برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کا حصہ بن گئے ہیں، وہ پاکستان میں ساکر سٹی بنا کر نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔ مائیکل اوون کو کامیاب جوان کا سفیر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں، نوجوانوں کیلئے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ جامع پروگرام لانچ کیا جا رہا ہے، نوجوانوں سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، پاکستان کے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ادھراپنے ویڈیو پیغام میں مائیکل اوون نے کہا کہ پاکستان کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوانوں کو لوکل سے گلوبل تک لانے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے فٹ بال کا زبردست ٹیلنٹ تلاش کروں گا، پاکستان اسپورٹس ڈرائیو وزیراعظم عمران خان اور عثمان ڈار کا زبردست آئیڈیا ہے، پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے نیشنل ٹرائلز شروع کریں گے۔