فوج کے خلاف نہیں، نہ تصادم چاہتے ہیں۔  عمران خان

کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کی تائید کردی

الیکشن کمیشن نے  مخصوص نشستیں چھین کر جمہوریت کی دھجیاں اڑادیں

راولپنڈی (ویب  نیوز)

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حالیہ کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فوج کے خلاف نہیں۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں  کے ایک گروپ سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے، ان واقعات پر کمیشن بننا چاہیے، سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالی جائیں ،کور کمانڈرز کانفرنس اعلامیے کی تائید کرتا ہوں۔بانی چیئرمین  پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری مخصوص نشستیں چھین کر جمہوریت کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ دھاندلی میں ملوث الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر ہماری خواتین  کا حق سلب کیا ہے ان سے زیادتی ہوئی ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ ہم فوج کے خلاف نہیں، نہ تصادم چاہتے ہیں، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کرنا چاہتے ہیں، جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط اس لیے لکھا کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، ہمارا 70 فیصد پیسہ قرضے اتارنے میں چلا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے کہا کہ 8 فروری سے کسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، مجھے معلوم ہے مجھ سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا بتانا نہیں چاہتا، ہماری پارٹی فوج کے خلاف نہیں ہے۔