پی ٹی آئی نے ہر گھر کو تباہ حال کردیا ہے۔ میاں محمد شہباز شریف
لاہور ( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں ہوئی جو اب ہے،پی ٹی آئی نے ہر گھر کو تباہ حال کردیا ہے ۔اس حکومت نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے۔لوگ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا، اٹھا کر انہیں بدعائیں دے رہے ہیں۔لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ ادویا ت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ بچوںکے دودھ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔پوری قوم ایسی صورتحال میں ہے جس سے خوف آتا ہے۔ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر کے روز شہباز شریف،حمزہ شہباز ،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہائوسنگ اسکینڈل ، منی لانڈرنگ ریفرنس اوررمضان شوگر مل ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت شہباز شریف، احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے تاہم حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔دوران سماعت حمزہ شہباز کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مئوقف اختیارکیا گیا کہ حمزہ شہباز شادی میں مصروف ہیں اورموٹروے بند ہونے کی وجہ سے وہ نہیں آسکے ۔ جس پر عدالت نے حمزہ شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظورکرلی اور منی لانڈرنگ ریفرنس پر مزید سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی۔دوران سماعت نیب شہباز شریف کے شریک ملزم کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کروایا ۔ نیب نے جواب جمع کروانے کے لئے مزید مہلت مانگ لی۔ عدالت نے نیب کی استدعا پر کیس کی مزید کاروائی20دسمبر تک ملتوی کردی۔جبکہ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزم علی احمد کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کی کاروائی کے لئے طلب کر لیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پہلے اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں ہوئی جو اب ہے،پی ٹی آئی نے ہر گھر کو تباہ حال کردیا ہے ۔لوگ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا، اٹھا کر انہیں بدعائیں دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ادویا ت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ بچوںکے دودھ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا پوری قوم ایسی صورتحال میں ہے جس سے خوف آتا ہے۔