•  آصف علی زرداری سمیت حکمران اتحاد کے سرکردہ ارکان ایوان میں موجود تھے
  • دیر تک وزیر اعظم کے حق میں خیر مقدمی ڈیسک بجتے رہے ، قائدین کے حق میں نعرہ بازی
  •  قرارداد منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا اتحادیوں کا اظہار تشکر
  • ایک مرتبہ پھر معزز ایوان نے بلاول کی قرارداد پر مجھے 180 ووٹ دیئے، دل کی گہرائیوں سے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف

اسلام آباد (ویب نیوز)

قومی اسمبلی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا گیا ۔ حکمران اتحاد کے 180 ارکان کی حمایت سے وزیر اعظم پر اعتماد کی قرار داد کو منظور کر لیا گیا ۔ سابق صدر آصف علی زرداری سمیت حکمران اتحاد کے سرکردہ ارکان ایوان میں موجود تھے ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، متحدہ مجلس عمل کے رہنما وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے رہنما سردار اختر مینگل ، مسلم لیگ ( ق ) کے رہنما بشیر چیمہ ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر ہوتی ، جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی ، آزاد ارکان علی وزیر ارکان ، محسن داوڑ ، اسلم بھوتانی ، علی نواز شاہ  بھی موجود تھے ۔ ایوان میں حکمران اتحاد کی تعداد 181 ہے ۔ قرار داد وزیر خارجہ پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے پیش کی ۔ رائے شماری کروائی گئی ۔سپیکر قومی اسمبلی نے قرارداد کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کے حق میں 180 ارکان نے ووٹ دیا، مفتی عبدالشکور مرحوم ہوتے تو تعداد 181 ہوتی، جنہوں نے اعتماد کا ووٹ دیا سب کے نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر ڈال دیئے جائیں، 180 ارکان نے وزیر اعظم پر اعتماد کرتے ہوئے اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں دیر تک خیر مقدمی ڈیسک بجائے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی نشست خالی ہونے پر حکمران اتحاد کا ایک ووٹ کم ہے ۔ نون لیگ کے 85 ، پیپلز پارٹی کے  58 ، جے یو آئی کے 12  ، ایم کیو ایم کے 7 ، بلوچستان عوامی پارٹی کے پانچ ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے 4 ، قاف لیگ کے 3 ، اے این پی اور جمہوری وطن پارٹی کے ایک ایک جبکہ چار آزاد ارکان نے وزیر اعظم شہباز شریف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، شہباز شریف ، آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری کے حق میں اس موقع پر نعرے بھی لگائے گئے ۔ اعتماد کے ووٹ کی قرارداد منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کے پاس جا کر فردا فردا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں، ایک مرتبہ پھر معزز ایوان نے بلاول کی قرارداد پر مجھے 180 ووٹ دیئے، دل کی گہرائیوں سے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔