شہباز شریف کو بھی قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، پرویز الہی

پنجاب میں عمران خان سے مشورہ کرکے نگراں وزیر اعلی کے نام دیں گے

ن لیگ بہت نیچے چلی گئی ہے یہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

لاہور( ویب  نیوز)

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہاہے کہ پنجاب میں نگراں وزیر اعلی کے لیے عمران خان سے مشاورت کرکے نام دیں گے، ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب شہباز شریف کو بھی قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، پی ڈی ایم میں اب ایسی پھوٹ پڑ جائے گی کہ یہ اٹھنے کے قابل نہیں ہوں گے۔لاہور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے اچانک اعتماد کا ووٹ لے کر انہیں سرپرائز دیا ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ(ن)کے گورنر کے کہنے پر اعتماد کا ووٹ لیا، اب مسلم لیگ (ن)کی باری ہے، جب صدر انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے تو ان کی جان کے لالے پڑ جائیں گے۔تحریک انصاف میں انضمام کے حوالے سے پرویز الہی نے کہا کہ پیر کے روز مسلم لیگ (ق)کے ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں مشاورت کی جائے گی۔پرویز الہی نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر پنجاب کو نگراں وزیر اعلی کے لئے حمزہ شہباز کو خط لکھنا ہے ۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ شہباز شریف کا تو میں بندوبست کروں گا،  اسحاق ڈار کہتے تھے کہ ملک میں ڈالر لائوں گالیکن وہ بھی ناکام ہوگیا،(ن)لیگ بہت نیچے چلی گئی ہے، یہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے۔ نواز شریف کو شکست نظر آرہی ہے، اس لے وہ واپس نہیں آرہے،، ایک جھوٹے کو نوازشریف نے اس کی کلاس لینے کے لئے بلا لیا ہے، شہباز شریف کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہورہا۔ اب انہیں کسی غیبی مدد کا انتظار ہے۔صوبے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پرویز الہی نے کہا کہ 4 مہینوں میں ہم نے 4 سال کا کام کیا ہے، کوئی شعبہ ہم نے نظر انداز نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کی امید ہے آخر کسی نے تو قوم کے لئے اٹھنا تھا، پی ٹی آئی کی سوچ اچھی اور لیڈر ایماندار ہے، عمران خان ملک کے لیے خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ، تمام نوجوان اور طلبا عمران خان کے لئے کام کر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الہی کا مزید کہنا تھا کہ ہزار لوگوں نے حکومت ختم ہونے کی مخالفت کی، ہم نے عمران خان سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا، کوئی سودے بازی نہیں ہوئی، صرف یہ سوچا کہ عمران خان ایماندار ہے، لیڈ کرنے کا اہل ہے، ہم نے 4 ماہ میں 4 سال جتنا کام ہر سیکٹر میں کیا ہے، ہر موقع پر پنجاب حکومت نظر آئی ہے۔