پرویز الہی کی جانب سے آج (بدھ کو) اعتماد کا ووٹ لینے کا چانس ختم، پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے تک ملتوی

اگر  اجلاس نہ ہوا اور وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر ، پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر دیں گے،لیگی رہنما خلیل طاہر سندھ کا دعویٰ

لاہور( ویب  نیوز)

کیا  بدھ کو گورنر پنجاب بلیغ الرحمان وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے؟ کیوں کہ وزیراعلی کی جانب سے بدھ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا چانس ختم  ہوگیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس جمعے تک ملتوی کردیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے کے بعد پی ڈی ایم اور اتحادیوں کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ سب کو انتظار ہے کہ پی ڈی ایم اب کیا کرے گی۔ اس سے قبل ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں طے ہوا تھا کہ اگر  بدھ کو اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چوہدری پرویز الہی کو وزارت اعلی سے ہٹا دیا جائے گا۔خیال رہے کہ آج پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان نے ایجنڈے پرموجود تمام کارروائی کو جمعہ 23 دسمبر تک کیلئے موخر کردیا ہے۔ اسپیکرسبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس 5 منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا۔   بعد ازاں اسپیکر نے ایجنڈے پرموجود تمام کارروائی کو جمعہ تک کیلئے موخر کردیا اور رولنگ دی کہ آج کی کارروائی ختم ہوگئی لہذا جمعے تک اجلاس ملتوی کیا جاتا ہے۔اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس جمعے کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو اسمبلی سے 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے تاہم اسپیکر اسمبلی اجلاس بلانے سے انکار کرچکے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔لیگی رہنما خلیل طاہر سندھ نے کہا کہ ہم گورنر کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے لئے مقررہ وقت پر پنجاب اسمبلی پہنچیں گے، گورنر کا طلب کردہ اجلاس آئین و قانون کے عین مطابق ہے اور وزیراعلی کو بدھ کے روز ہر حال میں اعتماد کا ووٹ لینا ہی ہوگا ورنہ وہ اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر   بدھ کو اجلاس نہ ہوا اور وزیراعلی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر وزیراعلی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر دیں گے۔