او آئی سی اجلاس سے قبل ہماری آواز دنیا میں پہنچ گئی،شاہ محمود قریشی
ہمارا اوآئی سی کانفرنس اسلام آباد میں بلانے کا مقصد دنیا کی توجہ افغانستان کی نازک صورتحال کی جانب مبذول کرانا تھا ،میڈیا سے گفتگو
افغانستان کی معیشت تباہ حال ہے اور وہاں پر بچوں اور خواتین کو فوری طورپر دنیا کی مدد کی ضرورت ہے،فواد چوہدری
اسلام آباد (ویب نیوز نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس سے قبل ہماری آواز دنیا میں پہنچ گئی ،اوآئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کی17 ویںکانفرنس اسلام آباد میں بلانے کا مقصد دنیا کی توجہ افغانستان کی نازک صورتحال کی جانب مبذول کروانا تھاجبکہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان کے9ارب ڈالرز کے اثاثے منجمد کررکھے ہیں اوراس وقت ایک انسانی بحران ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کو کم ازکم ان کا پیسہ تو واپس کیا جائے اگر وہ پیسہ واپس نہیں ہو گا تو اس کے نتیجہ میں بحران مزید بڑھے گا۔ان خیالات کااظہار شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا اوآئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کی17ویںکانفرنس اسلام آباد میں بلانے کا مقصد دنیا کی توجہ افغانستان کی نازک صورتحال کی جانب مبذول کروانا تھا میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اجلاس سے پہلے ہی اس میں کامیابی ہو گئی ۔