حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں،عمران خان
وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب، وزیر آبپاشی محسن لغاری کی ملاقات، کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے پانی کے معاملہ پر سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی محسن لغاری نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیر آبپاشی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے وزیر اعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پرپوچھا کہ صوبوں کے پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔ذرائع کے مطابق محسن لغاری نے وزیر اعظم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروا دی تھی۔ سندھ نے گدو بیراج سے پنجاب کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی۔ سندھ مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر تعاون نہیں کررہا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا۔دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صوتحال سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان اور پرنسپل سیکرٹری پنجاب عامر جان بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں پنجاب میں کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے اٹھائے گئے انتظامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔اسکے علاوہ حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔