قربان علی ، محمد علی قائد سے UAEکے بڑے سرمایہ کار ڈاکٹر بو عبداللہ کی ملاقات
 270کمپنیوں کے مالک عبداللہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین کاپاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار
متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹس لگائیں ‘ قربان علی
 دبئی کے سرمایہ کار پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ‘ محمد علی قائد
اسلام آباد(ویب نیوز )
 دبئی کے شیخ متحدہ عرب امارات وسطی ایشیا کے بہت بڑے سرمایہ کار 270کمپنیوں کے مالک عبداللہ گروپ آف کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر بو عبداللہ نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی سی آئی محمد علی قائد سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی اور سابق نائب صدر محمد علی قائد نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں جن کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ خصوصی اکنامک زونز، سیاحت، تعمیرات، زرعی ٹیک، مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، فوڈز، زراعت، مائننگ، جیمز سٹون، ہائیڈرو پاور آٹو موبل فوڈ پروسیسنگ توانائی بجلی تیل و گیس ڈیری مصنوعات اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔قربان علی اور محمد علی قائد نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مسلسل پیش رفت اور گوادر بندرگاہ کے آپریشنل ہونے سے پاکستان مشرق وسطی کو افغانستان اور اس کے بعد وسطی ایشیا سے ملانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں 9اسپیشل اکنامک زون قائم کئے گئے ہیں جن میں سرمایہ کاروںکو پرکشش مراعات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوںنے متحدہ عرب امارات کے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ مذکورہ اکنامک زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر عبداللہ گروپ آف کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر بو عبداللہ نے قربان علی اور محمد علی قائد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ مفید رہا کیونکہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہوں اور یہاں آکر مجھے بہت اہم اور کار آمد معلومات ملی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بعد وسطیٰ ایشیاء میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے مختلف منصوبوں پر کام شروع کریں گے اور میری کوشش ہوگی کہ میں عرب امارات کے دیگر سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کروں ۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات صرف تجارت تک ہی محدود نہیں، بلکہ یہ اس سے کہیں زیادہ ہیں۔متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے تاجروں اورسرمایہ کاروں کومزید قریب آنا ہوگا اوراس سلسلے میں اس طرح کی ملاقاتیں بہت اہمیت کی حامل ہیں۔آخر میں چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی نے ڈاکٹر بو عبداللہ کو ایف پی سی سی آئی کی روایتی شیلڈ بھی پیش کی ۔