لاہور (ویب ڈیسک)
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاہے کہ غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے ایٹمی پاکستان کے لئے خطرہ ہیں۔ اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیراعظم نہیں ہوسکتا، یہ آئین، قانون اور سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ چور اور جھوٹا ثابت ہو جانے والے عمران نیازی عمران نیازی اپنے عہدے سے خود ہٹ جائیں اور استعفی دے کر گھر جائیں، غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے جوہری پاکستان کے لئے خطرہ ہیں، غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں کسی مغربی ملک میں رپورٹ آتی تو وزیراعظم استعفی دے چکا ہوتا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ عمران نیازی نے چوری کی اور جھوٹ بولا، اور وہ صادق اور امین نہیں ہیں، کمیٹی نے یہ قانون بھی واضح کیا ہے کہ حقائق چھپانے، چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والا آئینی، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا، اگر یہ قانون نوازشریف جیسے مقبول عوامی وزیراعظم پر لاگو ہوسکتا ہے تو عمران نیازی پر کیوں نہیں ہوسکتا، نوازشریف کے خلاف پانامہ کی جے آئی ٹی بن سکتی ہے، سپریم کورٹ کے فاضل جج نگران ہو سکتے ہیں تو عمران نیازی کے لئے ایسا کیوں نہیں ہے، نوازشریف کے خلاف مقدمے کی طرح عمران نیازی کے خلاف روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے، آئین اور قانون کے مطابق قانون کا یکساں اطلاق ایک لازمی تقاضا ہے جسے پورا ہونا چاہئے، عمران نیازی اور ان کی جماعت پر قانون کے تحت یہ فرد جرم الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے عائد کی ہے۔