افغانستان میں انسانی المیہ سے نمٹنے کیلئے امن اور مفاہمت کی ضرورت ہے
سعودی مشیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا
راولپنڈی (ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے، افغانستان میں انسانی المیہ سے نمٹنے کیلئے امن اور مفاہمت کی ضرورت ہے ،آرمی چیف ، سعودی وزیر دفاع کے ملٹری مشیرمیجر جنرل طلال عبداللہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے ملٹری مشیرمیجر جنرل طلال عبداللہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی صورتحال،باہمی تعاون پر بھی بات کی گئی۔سعودی مشیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتحال، سرحدی انتظام اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بارے میں جلد حکمت عملی سے انسانی المیہ سے بچا جا سکے گا۔ہمسایہ ملک میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے اداراہ جاتی بنیاد پر جلد حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے۔