بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہونے والی ہے، امریکی کانگریس کو بریفنگ
بھارت کی ریاست آسام اور مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے ابتدائی علامات اور عمل موجود ہیں، گریگوری اسٹینٹن
ہندوتوا نظریہ بھارت کی تاریخ اور اس کے آئین کے خلاف ہے اور نریندر مودی نے حکومت پر قبضہ کر لیا ہے
جینو سائیڈ واچ کے بانی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور غیر مقامی افراد کو جائیداد بنانے کی پالیسی کا تذکرہ کیا
واشنگٹن( ویب نیوز) جینو سائیڈ واچ کے بانی اور ڈائریکٹر گریگوری اسٹینٹن نے خبردار کیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہونے والی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گریگوری اسٹینٹن نے امریکی کانگریس کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کی ریاست آسام اور مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے ابتدائی علامات اور عمل موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خبردار کر رہے ہیں کہ بھارت میں بڑے پیمانے پر نسل کشی ہو سکتی ہے، نسل کشی کوئی واقعہ نہیں ہے بلکہ ایک عمل ہے اور 2017 کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی حکومت کی امتیازی پالیسیوں میں مماثلت ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور غیر مقامی افراد کو جائیداد بنانے کی پالیسی کا تذکرہ کیا۔انہوں نے 2019میں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی خود مختار حیثیت کی منسوخی اور اسی سال شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت مسلمانوں کے علاوہ مذہبی اقلیتوں کو شہریت دینے کا تذکرہ کیا۔ورجینیا کی جارج میسن یونیورسٹی میں نسل کشی کے مطالعہ اور روک تھام کے لیکچرار گریگوری اسٹینٹن نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ایسا ہی کیا جائے گا جیسے میانمار میں روہنگیا کو پہلے قانونی طور پر غیر شہری قرار دیا گیا اور پھر تشدد اور نسل کشی کے ذریعے نکال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں جس چیز کا سامنا ہے وہ بالکل اسی طرح کی سازش ہے۔گریگوری اسٹینٹن نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ بھارت کی تاریخ اور اس کے آئین کے خلاف ہے اور نریندر مودی کو ایک انتہا ناپسند قرار دیا جس نے حکومت پر قبضہ کر لیا ہے۔