کراچی (ویب ڈیسک)
کراچی میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوںکے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے۔ جبکہ فیس وصولی کے حوالہ سے نوٹیفیکیشن جمع نہ کروانے پر عدالت نے برہمی کااظہار کیا ہے۔ جسٹس محمداقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ کس جگہ کتنی فیس وصول کرنی ہے اس حوالہ سے نوٹیفیکیشن پیش کیا جائے۔ عدالت نے ڈی ایم سیز، کے ایم سیز حکام اورکمشنر کراچی پربرہمی کااظہار کیا اور کہا کہ جگہ، جگہ پرپارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے، اس میں سے بہت سی جگہوں پر بدمعاش قسم کے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں وہ شہریوںسے20روپے پارکنگ فیس وصول کرنے کے نام پر بدتمیزی کرتے ہیں اوران کی عزت نفس کو مجروح کرتے ہیں، لوگ فیملیرز کے ساتھ جاتے ہیں اوریہ لوگ20روپے کے لئے انہیں تنگ کرتے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کس جگہ پر کتنی فیس وصول کی جانی چاہیئے اس کا نوٹیفیکیشن پیش کیا جائے۔ ڈی ایم سی حکام اور کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹفکیشن پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پرتفصیلات طلب کی ہیں کہ طریقہ کار بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت پارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے اور فیس وصول کرنے کا طریقہ کار کیا ہے وہ بھی آئندہ سماعت پر تفصیل کے ساتھ پیش کیا جائے۔