کراچی (ویب نیوز )
صحافتی تنظیموں سی پی این ای، اے پی این ایس اور پی بی اے نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹویٹ میں میڈیا ریونیو کے حوالے سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کو فیک نیوز کی اعلیٰ قسم قرار دیتے ہوئے اسے میڈیا ورکرز اور مالکان کے باہمی تعلقات کے درمیان دراڑ ڈالنے کی منظم کوشش قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ جانتے بوجھتے غلط اعداد و شمار کا پھیلاؤ ہی دراصل فیک نیوز ہے جس کا عملی مظاہرہ وزیر اطلاعات کا ٹویٹ ہے اور اگر انہوں نے اپنی لا علمی کے باعث ایسا کیا ہے تو وزیر اطلاعات کی اطلاعات کے مصدقہ ہونے پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ کمیٹی نے ٹویٹ میں بیان کئے گئے اعدادوشمار کو پہلے سے معاشی پابندیوں میں جکڑی صحافت پر ایک اور حملہ قرار دیا ہے۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اطلاعات فوری طور پر دانستہ خودساختہ اعداد و شمار سے بھرا ٹویٹ واپس لیں۔