لاہور  ( ویب نیوز )

صوبائی دارالحکومت لاہور کے قدیم تجارتی مرکز انارکلی بازار سے ملحقہ پان منڈی میں  بم دھماکہ  کے نتیجے میں بچے سمیت 3افراد جاں    بحق جبکہ 28زخمی ہو گئے جن میں سے 6کی حالت تشویشناک ہے ،دھماکہ کے بعد آگ بھی لگ گئی ، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے کے بعد افرا تفری پھیل گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ ،پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیںجنہوں نے فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے او رامدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قدیم تجارتی مرکز انار کلی سے ملحقہ پان منڈی کے قریب پارکنگ اسٹینڈ میں زور دار دھماکہ ہوا جس سے ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے ساتھ ہی آگ بھڑی اٹھی جس سے کئی موٹر سائیکلیں بھی اس کی لپیٹ میں آگئیں ۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کی شدت سے انار کلی بازار او ر اس کے اطراف میں واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ ، پولیس او ربم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں ۔ ریسکیو کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے دھماکے کی جگہ او راطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی دھماکے کی جگہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں بچے سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 28زخمی ہوئے جن میں سے 6زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔ بم دھماکے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر لاہو ر عمر شیر چٹھہ ، ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچے او رامدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔نجی ٹی وی نے فرانزک ماہرین کے حوالے سے کہا ہے کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انار کلی میں دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔  وزیراعظم عمران خان کا لاہور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی