FEDERAL MINISTER FOR INTERIOR SHEIKH RASHID AHMED ADDRESSING A PRESS CONFERENCE ON TLP IN ISLAMABAD ON OCTOBER 24, 2021.

لاہور دھماکا: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا ملزموں تک پہنچنے کا دعویٰ

افغانستان میں شکست کے بعد را کے گروپس پاکستان میں دہشتگردی چاہتے ہیں، وزیر داخلہ

اپوزیشن قانون ہاتھ میں لے گی تو ہم انہیں ہاتھ میں لیں گے،پریس کانفرنس

اسلام آباد( ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور دھماکے کے ملزموں تک پہنچنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دیں گے۔ افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی شکست کے بعد اس کے گروپس پاکستان میں دہشتگردی چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افواج نے ہزاروں جانوں کی قربانی دیکر دہشتگردوں کو شکست دی، طالبان کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی تو کچھ گروپ اکا دکا وارداتیں کر رہے ہیں، اسلام آباد میں دو دہشتگرد مارے گئے جس کا ٹی ٹی پی نے اعتراف بھی کیا، 11 فروری کو بلوچ ریپبلکن آرمی (بی آر اے) اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی(یو بی اے) کے گروپس اکٹھے ہوئے اور بلوچ نیشنلسٹ آرمی(بی این اے) بنائی، بی این اے چھوٹا سا گروپ ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ حملے ہماری قوم کو اور مورال کو شکست نہیں دے سکتے، ٹی ٹی پی ہمارے ساتھ لڑیگی تو جواب دینگے، داعش سے مذاکرات نہیں ہوئے،  ٹی ٹی پی کی شرائط ایسی سخت تھیں جو قبول نہیں کی جاسکتی تھیں، اس طرح بات چیت آگے نہ بڑھی، انہوں نے خود سیزفائر توڑا، اگر وہ قانون اور آئین کے جھنڈے تلے آنا چاہتے ہیں تو دروازے کھلے ہیں، لیکن اگر وہ لڑیں گے تو ان سے لڑا جائیگا، آج افغانستان میں پہلے جیسا پاکستان مخالف ماحول نہیں ہے، طالبان نے 42 عالمی فورسز سمیت بھارتی خفیہ ایجنسی را اور این ڈی ایس کو شکست دی اس کے بعد بعض ان کے چھوٹے گروپس پاکستان میں دہشتگردی کی فضا بنانا چاہتے ہیں، انہیں شکست فاش ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اسلام آباد آناچاہتی  ہے توآجائے اور شوق پورا کرلے،یہ منہ اورمسورکی دال، عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ اسکو ایسی نالائق اپوزیشن ملی، عمران خان کی حکومت کہیں نہیں جارہی ، عمران خان کی حکومت اپوزیشن کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے، اگر آپ قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو ہم آپ کو ہاتھ میں لیں گے، عمران خان کہیں نہیں جا رہے، اپوزیشن نے ٹریکٹر ٹرالی نہیں ریڑھا ریڑھی نکالی ہے، فنانس میں ان کے 12 لوگ کم تھے، عدم اعتماد میں 25 ووٹ کم ہوں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں ہم جا رہے ہیں انکی عقل کام چھوڑ چکی ہے، نہ ہم جا رہے ہیں نہ آپ آرہے ہیں، اگر اپوزیشن نے کوئی ایسی غلطی کی کہ جس سے جمہوریت کا نقصان ہوا تو یہ انکا اپنا نقصان ہوگا، ان کے گلے میں ڈھول ڈال کر پیٹا جائے گا، اسی لیے انہیں چاہیے کہ 23 کی بجائے 24 یا 27 مارچ کرلیں، بلاول کے ساتھ مل کر آجائیں کوئی فرق نہیں پڑتا، او آئی سی کانفرنس ہورہی ہے آپ تھوڑاآگے یا پیچھے اپنی ریلی کرلیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن قانون ہاتھ میں لے گی تو ہم انہیں ہاتھ میں لیں گے۔ سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے میں ہم ایک آدمی کے پیچھے ہیں، بہت قریب تو نہیں لیکن قدموں کی چاپ کے پیچھے چل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ   ایمرجنسی اور صدارتی نظام کا بہت شور ہے ابھی تک یہ کابینہ میں زیر بحث نہیں آیا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام اداروں کوالرٹ جاری کیا ہے، تمام اداروں کوکہا ہے جاگتے رہنا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی، جوہرٹاون کے بعد انارکلی میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے، بی این اے ایک چھوٹا سا گروپ ہے، پتا نہیں ابھی بی ایل اے نے انارکلی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے یا نہیں۔ دھماکے میں ایک آدمی کے پیچھے ہیں، ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا ورنہ شام کوبھارتی میڈیا میرے پیچھے پڑ جائے گا، دہشت گرد کے قدموں کے چاپ کے پیچھے چل رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی بھارت کواچھی نہیں لگتی، بھارت میں مسلمانوں کونشانہ بنایا جا رہا ہے، سیکولربھارت ختم ہو چکا، انتہا پسند بھارت بن چکا ہے۔ چین کی دوستی پرہمیں فخرہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں چین سے دورنہیں کرسکتی۔ عالمی طاقتیں داسو، بھاشا، سی پیک کوروکنے کی سازشیں کر رہی ہے۔کالعدم تحریک طالبان سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی شرائط ناقابل قبول تھی اس لیے بات چیت آگے نہیں بڑھی، سیزفائر کالعدم ٹی ٹی پی نے خود توڑی، ٹی ٹی پی اگرلڑے گی توان سے لڑیں گے، اگرمذاکرات کریں گے تودروازے کھلے ہیں، پچھلے 3 ماہ میں دہشت گردی کی لہرمیں اضافہ ہوا ہے۔ این ڈی ایسراکوافغانستان میں شکست ہوئی، ان کے چھوٹے موٹے گروپس پاکستان میں دہشت گردی کی فضا بنانا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کوشکست فاش ہو گی،شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ایک وجہ سی پیک کا راستہ روکنے والی قوتیں ہیں