گندم افغانستان بھجوانے کا معاملہ: بھارتی حکومت کی معلومات کا انتظار ہے، پاکستان
پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانیکی منظوری دے چکا ،بھارت کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ
اسلا م آباد( ویب نیوز)پاکستان نے بھارت کی جانب سے واہگہ بارڈر کے راستے افغانستان 50 ہزار ٹن گندم بھجوانے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں بھارتی حکومت کی معلوما ت کا انتظار ہے ،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانیکی منظوری دے چکا ہے اور بھارت کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھاکہ پہلی کھیپ سے متعلق گزشتہ 2 ہفتوں سے بھارتی حکومت کی طرف سے معلومات کا انتظار ہے۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی امداد افغانستان بھیجے گا۔بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان سے دو ماہ کی بات چیت کے بعد افغانستان کو زمینی راستے سے بھارتی امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن بھارتی گندم اٹاری واہگہ بارڈر سے پاکستان بھیجی جائے گی جہاں سے گندم اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی امداد کے ساتھ طورخم بارڈر سے افغانستان پہنچائی جائے گی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گندم کی فراہمی فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگی