ملک میں غربت میں کمی آئی ہے،وزیراعظم عمران خان
مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کا احساس ہے
حکومت نے کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے: وزیراعظم کا تقریب سے خطاب و کابینہ اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے مطابق تمام 4 اشاریوں سے ثابت ہورہا ہے کہ پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے، مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کا احساس ہے۔اسلام آباد میں اے ایچ آفیسرز ریزیڈینشیا اور پی ایچ اے اپارٹمنٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دارطبقہ مشکل میں ہے مگر اب تنخواہ دار لوگ بھی باآسانی گھر خرید سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرا یہ کے رقم بینکوں کو قسطوں کی صورت میں ادا کر کے کوئی بھی شخص گھر کا مالک بن سکتا ہے، اب اگرآپ کے پاس گھربنا نے کی رقم نہیں توبینکوں سے قرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کوقرضوں کی فراہمی کیلئے بینک اسٹاف تربیت یافتہ نہیں تھا مگر اب بینک کا عملہ تمام لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے، پاکستان میں عام آدمی کے لیے بینک کے ذریعے گھر خریدنے کا کوئی طریقہ رائج نہیں تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فورکلوژرلاپاس کرانے میں ڈھائی سال کا عرصہ لگا، پاکستان میں گھروں کی بہت کمی ہے اس لیے ہم نے ہاوسنگ انڈسٹری پر توجہ دی کیونکہ ہاوسنگ انڈسٹری ملکی معیشت کو کھڑا کردیتی ہے، اس صنعت کے ساتھ 30 انڈسٹریز منسلک ہیں،ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کیلئے 88 ہزاریونٹس کا منصوبہ زیرتکمیل ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینوں میں بینکس 124 ارب روپے کی ہاوسنگ لون کی منظوری دے چکے ہیں جس میں 40 ارب روپے لوگوں کو گھر بنانے کیلیے مل بھی چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکس ہاوس لون جبکہ حکومت عوام کو سبسڈی دے رہی ہے تاکہ بے گھر لوگ کرائے کے پیسے قسطوں میں ادا کرکے اپنا گھر حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے، ملک میں غربت میں کمی کی وجہ کرونا صورتحال میں کنسٹرکشن انڈسٹری کو بند نہ کرنا اور دیہاتوں میں کسانوں کی مدد کرنا تھا جس سے مزدوروں اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری ایکسپورٹ اور ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، بلومبرگ کہہ رہا ہے پاکستان کی معیشت درست راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات مزید بہتر ہوتے جائیں گے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی معیشت اٹھ رہی ہے،ٹیکس کلیکشن بڑھ رہی ہے جبکہ کورونا کے باوجود کنسٹرکشن سیکٹرکی گروتھ ہورہی ہے، ہماری سیمنٹ اوراسٹیل کی ریکارڈ سیل ہوئی ہے، کسانوں کو 14سو ارب روپے اضافی گیا ہے۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان کے حوالے سے حالیہ رپورٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ملک سے باہر ہیں، کرپشن کرنے والے مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لیے عدالتوں میں موثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔