ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست اور اسٹیٹ بینک بل منظور ہونے پر اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے استعفیٰ دینے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ تو بلاول یا آصف زرداری کا بنتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چودھری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں استعفی تو بلاول کا بنتا ہے یا آصف زرداری کا، جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست سے استعفے کے اعلان پرردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ کی بات کرنا بھی کھیل ہے جو کھیلا جارہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایجنڈے کی بروقت اطلاع نہیں ملی، لیکن ان کے آفس سے اطلاعات ملی ہیں کہ دو روز پہلے انہیں معلومات آگئی تھی کہ اہم بل آرہا ہے۔واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتے لہذا اپنی پارٹی کو استعفی دے دیا، میں قائد حزب اختلاف نہیں رہوں گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آدھی رات کو سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کرنا مناسب نہیں تھا، ایجنڈے میں یہ بھی نہیں لکھا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا بل پیش کیا جائے گا، اتنے اہم ایجنڈا کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا۔سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ملکی لیول کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو۔