کرم میں افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ، 5 فوجی شہید
فورسز کی بھر پور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے،آئی ایس پی آر
طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرحد پار سے دہشت گرد کاروائیاں روکے، وزیر داخلہ شیخ رشید
راولپنڈی(ویب نیوز) ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ میں پاک فوج کے 5جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھر پور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہدا میں34 سالہ لانس نائیک عجب نور، 22 سالہ سپاہی ضیا اللہ خان،23 سالہ سپاہی ناہید اقبال، 23 سالہ سپاہی سمیر اللہ خان اور27 سالہ سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور افغان عبوری حکومت سے مستقبل میں ایسی سرگرمیاں نہ ہونے کی توقع کرتا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک افغان سرحد پارسے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرحد پار سے دہشت گرد کاروائیاں روکے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کی شہادت کی خبر پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیکویرٹی فورسز کے جذبہ قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وطن کے لیے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔