دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتی،ڈاکٹرعارف علوی

صدرعارف علوی کا مظفر آباد میں یادگار شہدا ئے جموں وکشمیر کا افتتاح،آرمی چیف بھی ہمراہ تھے

صدر،وزیر اعظم آزادکشمیر ،پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار آفریدی دیگر اعلیٰ حکا م موجود تھے

مظفر آباد(ویب  نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ کے روز مظفر آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یادگار شہدا  جموں وکشمیر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ، چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریارخان آفریدی، کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا،، صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، آزاد کشمیر کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان ،آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر،سابق صدراور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ یاد گار شہداء کے افتتاح کے بعد دعا بھی کی گئی۔جبکہ صدر مملکت اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو یادگار شہداء کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریارخان آفریدی نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرین میں اظہاریکجہتی کے طور پر مالی امدادکے چیک بھی تقسیم کئے۔

مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتی، اقوام متحدہ میں بھارت ہی سیز فائر کیلئے گیا تھا، بھارت پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔انہوںنے مظفرآباد میں یادگار شہدا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کو ہم یوم استحصال کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، مسلمانوں نے بھارت کے ساتھ رہنے کی کوشش کی، 2 قومی نظریہ آیا اور کہا گیا کہ دونوں قومیں ایک ساتھ نہیں رہ سکتیں، بھارت نے ہمیشہ دو قومی نظریے کو چیلنج کیا، بھارت کے حالات دو قومی نظریے پر مہر ثبت کرتے ہیں، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد قربانیوں سے بھری پڑی ہے، خواتین کی بے حرمتی کو بھارت نے ریاستی آلے کے طور پر استعمال کیا۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اکابرین کو دھوکے میں رکھا، کشمیر میں پیلٹ گنز استعمال کی جا رہی ہیں، بھارت نے کشمیر میں طاقت کا استعمال کیا، لوگوں کو نابینا کیا،

آج بھارت میں نفرت کی آگ ہے وہ خود اس میں جل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روز اس نظریے کو سچ ثابت کر رہا ہے، جن مسلمانوں پر بھارت میں ظلم ہو رہا ہے ہمیں ان کی فکر ہے، پاک فوج نے بتا دیا آنکھ دکھا ئیں گے تو آنکھ نکال دیں گے، دنیا نے حملے سے متعلق بھارتی دعوئوں کو مسترد کر دیا، اقوام متحدہ میں بھارت ہی سیز فائر کیلئے گیا تھا، بھارت پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتی، پاکستان کی تاریخ کشمیر کی آزادی تک نامکمل ہے، بھارت کشمیر کی جغرافیائی حیثیت بدل کر جھوٹی حکومت لانا چاہتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا