احتجاج میں عوام کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان بھی آئیں گے،میڈیاسے گفتگو
سکھر (ویب ڈیسک)
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا مقصد عمران خان سے جان چھڑانا ہے۔ ان خیالات کااظہار سید خورشید شاہ نے سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت2018کی معیشت واپس کردے، احتجاج مئوخر کردیں گے۔ہمارا خاموش احتجاج ہو گا جیسا گاندھی نے کیا تھا۔ روڈبلاک کرنے، پتھرائو یا جلائو، گھیرائو کرنے نہیں جارہے۔ احتجاج میں عوام کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان بھی ہوں گے، ان کے ورکر ہمارے احتجاج میں منہ چھپا کرآئیں گے۔ لانگ مارچ کا مقصد عمران خان سے جان چھڑانا ہے۔ عمران خان نے جھوٹ بولا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر دوںگا۔عمران خان صادق اور امین نہیں رہے۔ ہم نے عمران خان کو کام کرنے کا موقع دیا اور کہا ہم بھی ملک کے مفادات ، حقوق اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیںہم نے پیشکش کی لیکن حکومت نے پیشکش ٹھکرادی۔ ملک کے مسائل تو اپنی جگہ پر ، حکومت ہمیں اور پارلیمنٹ کو ملک کے خارجہ امور کے حوالہ سے بھی اعتماد میں لینے کے لئے تیار نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی آخری چیز نہیں ہوتی، حالات کے ساتھ حالات بدلتے ہیں۔27فروری کو ہمارااحتجا ج ہے جو کراچی سے چلے گا اوریکم مارچ کو سکھر پہنچے گا اور سکھر کے عوام احتجاج، جلسے اور ریلی میں شریک ہوں گے۔