الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈاپور کو نااہل کرنے کے لئے پروسیجر کے بغیر ہی آرڈر جاری کیا ،وکیل علی ظفر
الیکشن کمیشن نے جو کاروائی کی وہ بادی النظر میں پروسیجر اور قوا عدکے مطابق نہیں،چیف جسٹس اطہر من اللہ
عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا ،جواب طلب ، کیس کی سماعت 11فروری تک ملتوی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلستان علی امین گنڈاپور کے بھائی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل میئر کے امیدوار عمر امین گنڈاپور کی نااہلی کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لئے اہل قراردے دیا جبکہ عدالت نے قراردیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری حکم برقراررہے گا۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈاپور کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے عمر امین گنڈپور کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست سینئر قانون دان سینیٹربیرسٹر علی ظفر اور چوہدری اشرف گوجر کے توسط سے دائر کی گئی تھی۔ دوران سماعت علی ظفر کاکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈاپور کو نااہل کرنے کے لئے پروسیجر کے بغیر ہی آرڈر جاری کیا ،سمری انکوائری کے بعد50ہزار روپے جرمانہ کیا جاسکتا ہے اگر دوسری دفعہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوتو پھر ایکشن ہو سکتا ہے۔ علی ظفر نے کہا کہ سمری ٹرائل میں عمر امین گنڈاپور کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی انہیں سنا گیا، تمام قوائد کو نظر انداز کر کے عمر امین کو نااہل کیا گیا۔ علی ظفر نے استدعا کی عدالت الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرکے عمر امین کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔ جسٹس اطہر من کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جو کاروائی کی ہے وہ بادی النظر میں پروسیجر اور قوا عدکے مطابق نہیں ہے اوراس میں قوا عد کو نظرانداز کیا گیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمر امین گنڈاپور کو نااہل قراردینے کا حکم معطل کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لئے اہل قراردے دیا ہے،عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 11فروری تک ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنرڈاکٹر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں رکنی بینچ نے 13فروری ہو ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے میئر کے انتخاب کے جاری انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈاپور کو نااہل قراردے دیا تھا اوران کے بھائی علی امین گنڈاپور کو ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت دے دی تھی تاہم انہیں کسی بھی انتخابی یا سیاسی جلسے میں شرکت سے روک دیا تھا۔