تنخواہوں میں اضافہ پر ملازمین کایومِ تشکر، ابھی تو شروعات ہے، مزیدضروریات بھی پوری کریں گے، شوکت ترین
نوکری پیشہ افراد کو مہنگائی نے تنگ کیا ہوا ہے، ہم انہیں سپورٹ کریں گے، وزیر خزانہ کی یوم تشکر اجتماع میں ملازمین سے گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ کیے جانے کے بعد وفاقی ملازمین نے جمعرات کو یومِ تشکر منایا ،اسلام آباد سیکریٹریٹ میں وفاقی ملازمین کی جانب سے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈھول کی تھاپ پر ملازمین نے رقص بھی کیا۔وزیر خزانہ شوکت ترین وزیراعظم کی جانب سے تنخواہیں بڑھانے کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کی جانب سے منعقد کردہ یوم تشکر اجتماع میں پہنچے۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کے اعلان پر کہا ہے کہ یہ ابھی شروعات ہے اور بھی ضروریات پوری کریں گے۔ ملازمین کے ساتھ بہتر کیا جارہا ہے، جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہم نے ملازمین سے ایک سال پہلے وعدہ کیا تھا جس پر عمران خان نے کہا کہ بالکل، ملازمین سے کیے گئے وعدہ پورے کریں، اب وزیراعظم نے ملازمین سے کیا وعدہ پورا کردیا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ ابھی شروعات ہے، انشااللہ آپ کی اور بھی ضروریات پوری کریں گے، نوکری پیشہ افراد کو مہنگائی نے تنگ کیا ہوا ہے، ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔