استنبول (ویب ڈیسک)
انٹرنیشنل جیورسٹ یونین(آئی جے یو) نے بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ حجاب پر پابندی کی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔انٹرنیشنل جیورسٹ یونین(آئی جے یو) کے جنرل سیکرٹری نیکٹی سیلان Necati Ceylan نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معلوم ہوا ہے کہ بھارتی ریاست کرناٹکہ کی حکومت حجاب پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ چند روز قبل کرناٹکہ میں بی جے پی کے حمایت یافتہ نوجوان لڑکوں کے گروپ نے ایک باحجاب مسلمان لڑکی کو کالج میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر لڑکوں نے ہندو مذہبی نعرے لگائے اور لڑکی کوہراساں کرنے کی کوشش کی ۔ نیکٹی سیلان نے کہا کہ حجاب پہننا مسلم خواتین کا ایک بنیادی مذہبی اور جمہوری حق ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ اور ہندوستان کے دستخط کردہ دیگر بڑے بین الاقوامی معاہدوں نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیکولر جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرنے والا ہندوستان مذہبی آزادی پر قدغن نہیں لگا سکتا۔ بھارتی حکومت تمام شہریوں بالخصوص مسلمانوں کے لیے مکمل آزادی کو یقینی بنائے۔ حجاب پر پابندی کی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔ ہندوستان کو جمہوریت اور سیکولرازم کے اصولوں اور اقدار پر قائم رہنا چاہیے۔