اسلام آباد (ویب ڈیسک)
گلگت سمیت ملک کے تین شہروں میں 100 فیصد پینے کا پانی غیرمحفوظ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جمعہ کو چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایوان بالا میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 61 فیصد پینے کا پانی غیرمحفوظ ہے۔پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے انکشاف کیا کہ ملک کے تین شہروں میں پانی 100 فیصد پینے کیلئے غیرمحفوظ ہے جن میں میرپورخاص،شہید بے نظیر آباد(نواب شاہ)اورگلگت شامل ہیں۔پی سی آر ڈبلیو آر نے کہا کہ کراچی میں 93 فیصد پانی پینے کیلئے غیرمحفوظ ہے، بدین میں 92 ، حیدرآباد میں80 فیصد ، ملتان میں 94 ، سرگودھا 83 فیصد، مظفرآباد میں 70 اور فیصل آباد میں 59 فیصد پانی غیرمحفوظ ہے۔پی سی آرڈبلیوآر کے مطابق 29 شہروں میں قصورکا پانی سب سے زیادہ محفوظ ہے جہاں پینے کا پانی غیرمحفوظ ہونے کی شرح 10 فِیصد ہے۔