پنجاب کے چھٹے ڈویژن فیصل آباد میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا، 73 فیصد آبادی کو مفت علاج کی سہولت ملنے لگی

فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 90 بہترین سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دی جائے گی

پی ٹی آئی حکومت کو ہیلتھ پر سب سے زیادہ کام کرنے کا اعزاز حاصل، ہیلتھ فسلیٹیز کے لحاظ سے پنجاب مثالی صوبہ بن چکا :عثمان بزدار

فیصل آباد (ویب ڈیسک)

فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ پر سب سے زیادہ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور ہیلتھ کی سہولت کے لحاظ سے پنجاب مثالی صوبہ بن چکا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہپنجاب کے چھٹے ڈویژن فیصل آباد میں لانچنگ کے بعد 73 فیصد آبادی کو قومی صحت کارڈ میسر ہے اور مارچ تک پنجاب کے سو فیصد لوگوں کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 90 بہترین ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 58 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال فیصل آباد کو 40 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کر رہے ہیں۔گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو 50 بیڈز سے اپ گریڈ کر کے 250 بیڈز کیا جا رہا ہے۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چک جھمرہ کو 26 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 51 کروڑ روپے کی لاگت سے پیرا میڈکس کالج بنایا جا رہا ہے۔37کروڑ روپے سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں 150 بیڈز پر مشتمل غلام نبی بلاک بنا رہے ہیں۔ تحصیل ہسپتال تاندلیانوالہ کو 60 بیڈز سے اپ گریڈ کر کے 100 بیڈز تک کیا جائے گا۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑنوالہ میں 40 بیڈز پر مشتمل نیا بلاک بنایا جائے گا۔چنیوٹ میں 125 بیڈز پر مشتمل نیاڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنایا جائے گا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر، ڈائلسز سنٹر، برن سنٹر اور سرجیکل وارڈ بنائے جائیں گے۔ سمندری کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گائنی اور بچوں کے وارڈکو توسیع دی جا رہی ہے ۔ایک نیا گورنمنٹ جنرل ہسپتال چک نمبر 224 رب میں بنایا کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں بتایا کہ صوبے میں 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور 78 نئی ہیلتھ فسیلٹیز بنا رہے ہیں۔صوبے بھر میں مجموعی طور پر 158 ہسپتالوں اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ایس ڈی پی سمیت 740 ارب روپے کی ریکارڈ رقم ترقیاتی منصوبو ںپر خرچ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت ریاست مدینہ کے قیام کی طرف پہلا قدم ہے۔ شعبہ صحت پر جس طرح ہم نے توجہ دی، ماضی میں ایسے نہیں ہوتا تھا۔عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کا سفر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر مبارکباد پیش کی۔