لاہور  (ویب ڈیسک)

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت اور محکمہ صحت پنجاب کی پالیسی کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے پر مامور 208ڈاکٹرز و نرسز میںایک کروڑ43لاکھ62ہزار سے زائد رقم بطور کورونا خصوصی الاؤنس تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے مزید نرسز اورپیرا میڈیکس کو الاؤنس دینے کیلئے محکمہ صحت کو فنڈز کی فراہمی کے لئے سفارشات بھجوادی ہیں ، حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء پر سٹاف کو کورونا الاؤنس کی ادائیگی کی جائے گی ۔ پروفیسر الفرید ظفر نے اس حوالے سے نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ مزید فنڈ زحاصل کرنے کے لئے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ملازمین کے جائز حقوق دلوانے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے کیونکہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر جانفشانی اور دلجمعی سے فرائض کی ادائیگی کرنے والوں کو اُن کے حقوق ضرور ملنے چاہئیں ۔  میڈیا سے گفتگو پروفیسر الفرید ظفر نے دن بدن بڑھتے ہوئے اومی کرون کیسز پر اظہار تشویش کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اومی کرون سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ دوسروں کی جانیں بھی محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس جس محنت سے کام کر رہے ہیں وہ انتہائی قابل تحسین ہے اور امید ہے کہ وہ انشاء اللہ آئندہ بھی بہترین فرائض سر انجام دیتے رہیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ ادارے کا نام روشن کریں گے ۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں کورونا کی ہر لہر کا سامنا کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے اور اب بھی اس ادارے میں آنے والے ہر شہری کو ویکسی نیشن سے لے کر علاج معالجے تک ہر طرح کی طبی سہولت بہم پہنچائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے