اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر پابندی عائد کردی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے چیئرمین سی ڈی اے کو حکم دیا ہے کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 16سمیت کسی بھی رہائشی سیکٹر میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکے۔ عدالت نے اپنے حکم پر 15روز کے اندر، اندر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ سی ڈی اے اس حوالہ سے مناسب اقدامات کرے کہ عدالتی حکم کے 15روز کے بعد اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں کوئی کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔
جسٹس بابر ستار نے اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں کوڑا، کر کٹ پھینکنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی تھی۔ درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا تھا کہ کہ کوڑ اسائٹ اورڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کا ذمہ دار کون ہے۔ اس پر سی ڈی اے نے انکشاف کیا تھا کہ اسلام آباد میں کوڑا ٹھکانے لگانے کے لئے کوئی ویسٹ مینجمنٹ سکیم نہیںاور نہ ہی کوڑا پھینکنے کے لئے کوئی زمین اورسائٹ ہے۔ عدالت نے اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں کوڑا، کرکٹ پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی اورسیکرٹری ماحولیات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 31مارچ تک جواب طلب کر لیا۔